عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے بالی ووڈ کے اصل چہرے سے پردہ اُٹھا دیا

عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے بالی ووڈ کے اصل چہرے سے پردہ اُٹھا دیا 0

معروف بھارتی اداکار عرفان خان کے صاحبزادے بابل خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ بالی ووڈ انڈسٹری میں پیش آنے والے تلخ تجربات پر زارو قطار روتے نظر آ رہے ہیں۔ اس ویڈیو میں بابل خان نے انڈسٹری میں اجنبیت، ناروا سلوک اور غیر پیشہ ورانہ ماحول پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

ویڈیو میں بابل خان نے کئی مشہور بالی ووڈ شخصیات کے نام لیتے ہوئے کہا کہ “بالی ووڈ بہت خراب ہے، بہت بدتمیز ہے۔” انہوں نے شانایا کپور، اننیا پانڈے، ارجن کپور، سدھانت چترویدی، راغو جُیال، آدرش گوراو اور یہاں تک کہ معروف گلوکار ارجیت سنگھ کا بھی ذکر کیا۔ بابل نے کہا کہ وہ سب جانتے ہیں، مگر کوئی کچھ نہیں کہتا۔

یہ ویڈیو سب سے پہلے Reddit پر شیئر کی گئی تھی، جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اصل میں یہ انسٹاگرام پر اپلوڈ کی گئی تھی لیکن بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئی۔ ویڈیو کی اصل ہونے کی آزادانہ طور پر تصدیق تو نہیں ہو سکی، تاہم مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بابل خان کے جذباتی انداز اور ذہنی حالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایک صارف نے لکھا، “یہ دل دہلا دینے والا ہے، بابل واقعی سخت وقت سے گزر رہا ہے۔” ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ “نوجوان ہے، والد کا سایہ نہیں رہا، اور انڈسٹری میں تنہا ہے۔ اُمید ہے اسے مدد ملے گی۔”

یاد رہے کہ بابل خان نے حال ہی میں اپنے والد عرفان خان کی پانچویں برسی پر انہیں جذباتی انداز میں یاد کیا تھا۔ عرفان خان کو 2018 میں نیورو اینڈوکرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، اور وہ 2020 میں اس دنیا سے رخصت ہو گئے تھے۔

بابل کی وائرل ویڈیو نے بالی ووڈ میں نیپو کلچر، ذہنی صحت، اور نئی نسل کے فنکاروں کو درپیش چیلنجز پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں