بھارت کی جنگی دھمکیوں پر پاکستان کا دوٹوک اعلان: روایتی اور ایٹمی طاقت سے جواب دیا جائے گا

بھارت کی جنگی دھمکیوں پر پاکستان کا دوٹوک اعلان: روایتی اور ایٹمی طاقت سے جواب دیا جائے گا 0

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے بڑھتے جنگی جنون اور پاکستان پر ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی کے انکشافات کے بعد پاکستان نے واضح اور سخت پیغام دے دیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں مکمل فوجی طاقت، بشمول ایٹمی صلاحیت، سے فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

روس میں تعینات پاکستان کے سفیر محمد خالد جمالی نے روسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں، اور دشمن کو ہر سطح پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی مہم جوئی اور فالس فلیگ کارروائیاں خطے میں امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

“یہ تصادم اب ناگزیر محسوس ہو رہا ہے” – پاکستانی سفیر
سفیر خالد جمالی نے انکشاف کیا کہ کچھ خفیہ دستاویزات کے مطابق بھارت پاکستان کے بعض علاقوں پر حملے کی تیاری کر رہا ہے، اور موجودہ حالات میں تصادم کا خطرہ حقیقی نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری، خصوصاً چین اور روس، سے مطالبہ کیا کہ وہ پہلگام حملے کی غیر جانب دار تحقیقات کروا کر اصل حقائق دنیا کے سامنے لائیں۔

پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی بدھ کی شب ہنگامی پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ پاکستان کو مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات ملی ہیں جن کے مطابق بھارت اگلے 24 سے 36 گھنٹوں میں فوجی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہماری بری، فضائی اور بحری افواج الرٹ ہیں، اور دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔”

“ایٹمی اثاثے نمائش کے لیے نہیں” – خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اگر بھارت نے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا تو ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا امکان رد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہمارے جوہری اثاثے صرف شوپیس نہیں، بلکہ یہ ہمارے قومی دفاع کی ضمانت ہیں۔”

پانی پر جنگ کا خدشہ
وزیر مملکت حنیف عباسی نے بھی بھارت کو خبردار کیا کہ اگر اس نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے مکمل جنگ کے لیے تیار رہنا ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ “غوری، شاہین اور غزنوی جیسے میزائل اور 130 سے زائد جوہری وار ہیڈز صرف بھارت کے لیے رکھے گئے ہیں۔”

عالمی سطح پر تشویش
پاکستانی قیادت کی واضح دھمکیوں اور بھارتی اقدامات نے بین الاقوامی برادری میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کے پے در پے فالس فلیگ آپریشنز نہ صرف خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں بلکہ خود بھارت کی عالمی ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔

OIC کی طرف سے تشویش
اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے انسانی حقوق کمیشن نے بھی بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے، جس سے بھارتی پالیسیوں پر عالمی سطح پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت کی جنگی تیاریوں، فالس فلیگ سازشوں اور اقلیتوں پر مظالم کا فوری نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں