سفید کار گینگ کی واردات، جعلی پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا

سفید کار گینگ کی واردات، جعلی پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا 0

کراچی – شہر قائد کے ڈسٹرکٹ سٹی میں جعلی پولیس اہلکاروں نے ایک بار پھر شہریوں کو لوٹ لیا۔ سفید رنگ کی ایک کار میں سوار تین ملزمان نے چھ شہریوں کو تلاشی کے بہانے روک کر انہیں لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ واردات کی ویڈیو اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں سفید گاڑی کو متاثرہ شہریوں کا تعاقب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

واردات میں شامل ایک ملزم پولیس کی وردی میں ملبوس تھا جبکہ دو دیگر ملزمان نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔ ملزمان نے تلاشی کے بہانے شہریوں کی گاڑی کو روکا اور اسلحہ نکال کر انہیں ڈرا دھمکا کر لوٹ مار شروع کر دی۔

ملزمان نے متاثرہ شہریوں سے 200 امریکی ڈالر، قیمتی انگوٹھیاں، موبائل فونز، 52 ہزار روپے نقد اور چھ عدد پاسپورٹ چھین لیے۔ واردات انتہائی منظم طریقے سے کی گئی اور ملزمان کارروائی مکمل کرنے کے بعد سفید گاڑی میں فرار ہو گئے۔

متاثرہ شہری نے فوری طور پر رسالہ تھانے میں درخواست جمع کرادی، جس پر پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

شہریوں نے اس واردات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور اس طرح کی وارداتوں کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں اس قسم کی وارداتیں پہلے بھی ہو چکی ہیں، جہاں جعلی پولیس اہلکار اور جعلی پولیس گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو لوٹا جاتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں