جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، وفاقی وزیر داخلہ کی عمانی ہم منصب سے اہم ملاقات

جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، وفاقی وزیر داخلہ کی عمانی ہم منصب سے اہم ملاقات 0

مسقط – وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عمان کے دورے کے دوران اپنے عمانی ہم منصب سید حمود بن فیصل البوسیدی سے اہم ملاقات کی ہے، جس میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی سمیت دو طرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات عمان کی وزارت داخلہ میں ہوئی، جہاں عمانی وزیر داخلہ نے محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔

ملاقات میں محسن نقوی نے پاکستان کے اصولی مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ملک ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات سے کشیدگی بڑھ رہی ہے، بلیم گیم سے مسائل کا حل ممکن نہیں۔

محسن نقوی نے عمانی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے عمان کی کوششیں قابل تحسین ہیں، اور پاکستان خطے میں دیرپا امن کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے دوران ویزا مسائل، انسداد منشیات، انسداد اسمگلنگ، پولیس تربیت، اور کوسٹل گارڈز کے حوالے سے دو طرفہ تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں وزراء نے اسلام آباد اور مسقط کو سسٹر سٹیز قرار دینے پر اصولی اتفاق کیا، جب کہ باہمی روابط بڑھانے کے لیے کوآرڈینیشن کو مؤثر بنانے پر زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے عید کے موقع پر عمان میں قید پاکستانیوں کے لیے ایمنسٹی دینے پر عمانی سلطان کا شکریہ ادا کیا، اور پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی سے متعلق تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات چیت کی۔

محسن نقوی نے کہا، “پاکستان اور عمان نہ صرف ہمسائے بلکہ بھائی ہیں، دونوں ممالک مشترکہ اقدار کے حامل ہیں۔ پاک عمان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے عملی اقدامات آئندہ دنوں میں نظر آئیں گے۔”

اس موقع پر عمان کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کے سفیر سید نوید صفدر بخاری بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں