وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ، بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف کا ملائیشین ہم منصب سے رابطہ، بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیا 0

اسلام آباد – وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان اہم ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے اور علاقائی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور بغیر ثبوت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

وزیراعظم نے گفتگو میں واضح کیا کہ پاکستان پر الزام تراشی کا مقصد جنوبی ایشیا میں کشیدگی کو ہوا دینا اور مغربی سرحد پر انسداد دہشت گردی کی پاکستانی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت سنجیدہ ہے تو غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں، اور پاکستان ان تحقیقات میں ملائیشیا سمیت دیگر ممالک کی شمولیت کا خیر مقدم کرے گا۔

دونوں وزرائے اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے رواں برس ملائیشیا کے سرکاری دورے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت نے 22 اپریل کو پہلگام میں مقامی سیاحوں پر حملے کا الزام پاکستان پر لگا کر اشتعال انگیز اقدامات کا سلسلہ شروع کیا۔ ان اقدامات میں سندھ طاس معاہدے کی معطلی، پاکستانی سفارتی عملے کو بھارت چھوڑنے کی ہدایت، اور مختلف اقتصادی پابندیاں شامل ہیں۔

پاکستان نے جوابی طور پر قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے، جن میں بھارت سے تجارتی تعلقات کی معطلی، واہگہ بارڈر کی بندش، بھارتی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود کی بندش، اور بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں پاکستان چھوڑنے کا حکم شامل ہے۔

متعدد عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں نے بھی بھارت کی جانب سے عائد الزامات پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی حمایت کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں