لاہور: پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پنجاب بھر میں تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو گئی ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث کیمبرج انٹرنیشنل اور برٹش کونسل کے تحت آج ہونے والے تمام امتحانات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
حکام کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منسوخ کیے گئے امتحانات میں او لیول، آئی جی سی ایس ای، اے ایس اور اے لیول کے پرچے شامل ہیں۔ کیمبرج اور برٹش کونسل نے امتحانات کی منسوخی کا فیصلہ محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا۔
کیمبرج کے مطابق، پیر کو ہونے والے امتحانات کے حوالے سے فیصلہ 11 مئی کی شام تک کر لیا جائے گا، اور کسی بھی تبدیلی کی صورت میں طلبا کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے بھی تمام بورڈز کے آج کے دن شیڈول امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ ملتوی ہونے والے پرچوں میں انٹرمیڈیٹ کے ترجمہ القرآن اور ایتھکس جبکہ میٹرک کے کمپیوٹر اور بیالوجی کے پریکٹیکلز شامل ہیں۔
مزید برآں، صوبائی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث آج اور کل تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ حکام کے مطابق صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
متعلقہ تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبا کو امتحانات کی نئی تاریخوں سے بروقت آگاہ کریں تاکہ طلبا کو ذہنی دباؤ سے بچایا جا سکے۔