بھارت دہشتگردی کا الزام لگا کر سیاسی فائدہ اٹھاتا ہے، ترجمان پاک فوج

بھارت دہشتگردی کا الزام لگا کر سیاسی فائدہ اٹھاتا ہے، ترجمان پاک فوج 0

اسلام آباد: پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت ہمیشہ دہشتگردی کا الزام پاکستان پر ڈال کر سیاسی مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ترک نشریاتی ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور ناقابل قبول قرار دیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد پاکستان نے آزادانہ اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا یہ طرز عمل قابل افسوس ہے اور بغیر کسی ثبوت کے الزامات لگانا خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق بھارت نے پاکستان میں 6 مقامات پر حملے کیے اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مساجد پر بمباری، خواتین اور بچوں کی شہادت جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہے، اگر بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہیں تو وہ کسی غیر جانبدار ملک یا بین الاقوامی ادارے کے سامنے پیش کرے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان صرف اُن بھارتی چوکیوں کو جواب دے رہا ہے جو فائرنگ میں ملوث ہیں، اور یہ کارروائیاں صرف دفاعی نوعیت کی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے نہ تو ڈرون حملے کیے جا رہے ہیں اور نہ ہی کسی بڑے ہتھیار کا استعمال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی طرف سے پھیلائی جانے والی خبریں سراسر پروپیگنڈا اور جھوٹ پر مبنی ہیں، پاکستان کسی قسم کی اشتعال انگیزی کا خواہاں نہیں بلکہ امن اور استحکام کا داعی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں