کراچی: کمشنر کراچی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ پابندی 9 مئی سے 9 جون 2025 تک لاگو رہے گی، جس دوران بغیر اجازت کسی بھی مقام پر منڈی لگانا قابلِ سزا جرم ہوگا۔
عیدالاضحیٰ کے پیش نظر شہر کے مختلف مخصوص مقامات پر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام کی اجازت دی گئی ہے۔ جن علاقوں میں باقاعدہ منڈیاں لگانے کی منظوری دی گئی ہے ان میں بھینس کالونی، منگوپیر اور مندرہ گوٹھ شامل ہیں۔ ان منڈیوں کے قیام کا مقصد ٹریفک اور سیکیورٹی کے مسائل سے بچاؤ کو یقینی بنانا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ تمام منڈی منتظمین کو صفائی، شور کی روک تھام، اور سیکیورٹی سے متعلق سخت ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ، جانوروں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے لیے مؤثر نظام کی فراہمی بھی لازم قرار دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جو افراد یا منتظمین ضابطوں کی خلاف ورزی کریں گے، ان کے خلاف دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔