کراچی: بھارت کی جانب سے کراچی پورٹ کو نشانہ بنانے کے جھوٹے دعوے دم توڑ گئے، کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی بندرگاہ پر مجموعی طور پر 19 بحری جہازوں کی ہینڈلنگ کی گئی، جن میں 7 کنٹینر شپ، 2 جنرل کارگو شپ اور 10 بلک کارگو شپ شامل تھیں۔
ترجمان کے مطابق بندرگاہ پر مزید 3 جہازوں کو بھی برتھ فراہم کی گئی، جب کہ کل 1 لاکھ 59 ہزار 413 میٹرک ٹن کارگو ہینڈل کیا گیا، جس میں 89,190 میٹرک ٹن درآمدی اور 70,223 میٹرک ٹن برآمدی سامان شامل تھا۔
ترجمان نے کہا کہ کراچی بندرگاہ پر تمام تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال اور معمول کے مطابق جاری ہیں، اور جہازوں کی آمد و رفت میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ یا تعطل نہیں آیا۔
واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی گودی میڈیا نے جھوٹے پروپیگنڈے پر مبنی دعوے کیے تھے کہ پاکستان کی بندرگاہیں تباہ کر دی گئی ہیں، حتیٰ کہ ’لاہور کی بندرگاہ‘ پر حملے جیسے بے بنیاد دعوے بھی سامنے آئے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید طنز کیا۔