لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز کے لیے مجوزہ شیڈول تیار کر لیا گیا ہے، اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی منظوری کے بعد شیڈول کا باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی ایس ایل 10 کے ملتوی شدہ 8 میچز اب 17 سے 25 مئی تک لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے دوبارہ آغاز کی تیاریاں جاری ہیں، جبکہ تمام فرنچائزز اپنے غیر ملکی کھلاڑیوں سے رابطے میں ہیں۔
متعدد غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان واپس آ کر لیگ میں شرکت کی حامی بھر لی ہے، تاہم غیر ملکی کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کی صورت میں پی ایس ایل کو صرف قومی کھلاڑیوں کے ساتھ مکمل کیے جانے کا امکان بھی زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے دوبارہ انعقاد کی وجہ سے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مجوزہ ٹی20 سیریز کے شیڈول میں تبدیلی متوقع ہے۔ یہ سیریز لاہور اور فیصل آباد میں کھیلی جانی ہے۔
اس کے علاوہ، بتایا گیا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش سیریز کے لیے آنے والی براڈکاسٹنگ ٹیم ہی پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کی کوریج کرے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کو پاک بھارت کشیدگی کے باعث غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ پی سی بی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ کرکٹ اتحاد اور خوشی کا ذریعہ ہے، تاہم ملک کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ایونٹ کو وقتی طور پر روکنا ضروری تھا۔