اسلام آباد: بھارتی افواج کی بزدلانہ جارحیت کے نتیجے میں زخمی ہونے والے پاک فوج اور پاک فضائیہ کے دو مزید بہادر جوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہداء میں حوالدار محمد نوید اور سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز شامل ہیں۔
6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فورسز کی جانب سے کی گئی اشتعال انگیزی میں شہداء کی مجموعی تعداد 13 ہو گئی ہے، جبکہ 78 جوان وطن کے دفاع کے دوران زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی افواج نے جارحیت کے دوران خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو بھی نشانہ بنایا، تاہم پاکستان کی مسلح افواج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو مؤثر جواب دیا۔
شہید حوالدار محمد نوید اور سینئر ٹیکنیشن محمد ایاز نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر حب الوطنی اور بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ ان کی قربانی نہ صرف افواج پاکستان بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پوری قوم اور مسلح افواج اپنے ان بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے، شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔