نئی دہلی: پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں بھارتی میوزک کمپنی زی میوزک نے معروف پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کے خلاف ایک اور انتقامی قدم اٹھاتے ہوئے اپنے یوٹیوب چینل پر موجود گانوں سے ان کا نام ہٹا دیا ہے۔ اگرچہ گلوکار کی آواز اور گانے بدستور موجود ہیں، تاہم ان کی شناخت کو جان بوجھ کر مواد سے نکال دیا گیا ہے۔ اس اقدام کو ماہرین اور فنی حلقے انتقامی رویہ قرار دے رہے ہیں، جو حالیہ سیز فائر کے باوجود بھارت میں شکست کے ردعمل کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔
ماضی میں بھی بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی جاتی رہی ہیں، تاہم اب سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بندش کے بعد میوزک اور فلمی صنعت میں بھی پاکستانی فنکاروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ فنی و ثقافتی حلقوں نے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے فن کے دائرے سے باہر ایک منفی روایت قرار دیا ہے، جو خطے میں ثقافتی ہم آہنگی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔