پاکستان کی معاشی کارکردگی عالمی سطح پر توجہ کا مرکز، بین الاقوامی جریدے نے ’معاشی کرشمہ‘ قرار دے دیا

پاکستان کی معاشی کارکردگی عالمی سطح پر توجہ کا مرکز، بین الاقوامی جریدے نے ’معاشی کرشمہ‘ قرار دے دیا 0

اسلام آباد: بین الاقوامی شہرت یافتہ مالیاتی جریدے بیرن (Barron’s) نے پاکستان کی حالیہ معاشی پیشرفت کو ’’معاشی کرشمہ‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے ایک غیر معمولی کامیابی سے تعبیر کیا ہے۔ جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے باوجود پاکستان کی معیشت مستحکم رہی اور اقتصادی اشاریے مثبت سمت میں گامزن ہیں، جو سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان کو ایک پرکشش منزل بنا رہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کا اسٹاک انڈیکس اپنی بلند ترین سطحوں کو چھو رہا ہے جبکہ 2031 میں میچور ہونے والے یورو بانڈز کی قیمت دوگنی ہو چکی ہے۔ ساتھ ہی ملک میں مہنگائی کی شرح جو پہلے 40 فیصد تک جا پہنچی تھی، اب صفر کے قریب آ گئی ہے، جو مالیاتی نظم و ضبط کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 2.5 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے اور مالیاتی خسارے میں واضح کمی آئی ہے۔

بیرن نے عالمی سرمایہ کاروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر انہوں نے بروقت پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کی تو مستقبل میں انہیں پچھتانا پڑ سکتا ہے، کیونکہ یہ معیشت اب تیزی سے بحالی کے سفر پر گامزن ہے۔ رپورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف اور فوجی قیادت کی معاشی بحالی کے لیے کوششوں کو بھی سراہا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں