اسلام آباد: پاکستان سے عازمینِ حج کی روانگی کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق آج دو خصوصی پروازوں کے ذریعے مجموعی طور پر 633 پاکستانی عازمین کو سعودی عرب کے شہر جدہ روانہ کیا جا رہا ہے۔
پہلی پرواز پی آئی اے کی پی کے-741، 305 عازمین کو لے کر جدہ پہنچ چکی ہے، جبکہ دوسری پرواز پی کے-759 شام 6 بج کر 55 منٹ پر 328 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔ جدہ ایئرپورٹ سے عازمین کو بذریعہ بس مکہ مکرمہ منتقل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پیر کو 13 حج پروازوں کے ذریعے 2,399 پاکستانی عازمین مدینہ منورہ پہنچے۔ اب تک مجموعی طور پر 145 پروازوں کے ذریعے 31,044 پاکستانی حجاج مدینہ منورہ روانہ کیے جا چکے ہیں۔
حج آپریشن کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد سے 45 پروازوں میں 9,472، کراچی سے 31 پروازوں میں 6,156، لاہور سے 39 پروازوں میں 9,314، ملتان سے 16 پروازوں میں 3,726، جبکہ کوئٹہ سے 14 پروازوں میں 2,376 عازمین سعودی عرب روانہ کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز 29 اپریل سے ہوا تھا، جو 31 مئی تک جاری رہے گا۔ مجموعی طور پر 33 روزہ حج آپریشن میں سرکاری اسکیم کے تحت 89,000 عازمین کو 342 پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا جائے گا، جبکہ نجی اسکیم کے تحت 23,620 افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔