پشاور: کوہستان میں مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف پر خیبرپختونخوا حکومت نے تحقیقات کے لیے کابینہ کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی سربراہی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور خود کریں گے۔ کمیٹی میں کوہستان سے تعلق رکھنے والے کابینہ اراکین اور ممبران صوبائی اسمبلی شامل ہوں گے۔
یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے 32ویں اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کی۔ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور انتظامی سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے مسلح افواج کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس صوبائی حکومت کے لیے ایک امتحان ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اس کیس میں کچھ ریکوریاں بھی کی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت نیب سے مکمل تعاون کرے گی اور تمام ضروری دستاویزات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ جو بھی افراد یا ادارے اس کرپشن میں ملوث پائے گئے، ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ نے کابینہ کے کوہستان سے تعلق رکھنے والے اراکین کو ہدایت کی کہ وہ پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کو حقائق سے آگاہ کریں۔