پنجاب اسمبلی میں وزراء اور سیکریٹریز کی غیر حاضری پر اسپیکر برہم، اجلاس ملتوی

پنجاب اسمبلی میں وزراء اور سیکریٹریز کی غیر حاضری پر اسپیکر برہم، اجلاس ملتوی 0

لاہور: پنجاب اسمبلی میں وزراء اور اعلیٰ افسران کی مسلسل غیر حاضری پر اسپیکر ملک محمد احمد خان شدید برہم ہوگئے، وزراء کی عدم موجودگی کو “انتہائی شرمناک” قرار دیتے ہوئے اجلاس پندرہ منٹ کے لیے ملتوی کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مسلسل وزراء اور سیکریٹریز کی عدم موجودگی نے ایوان کی کارروائی کو متاثر کیا۔ اسپیکر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی سیکریٹری کو ہدایت دی کہ وزراء کی غیر حاضری پر باقاعدہ تحریری شکایت درج کی جائے۔

اسپیکر نے چیف سیکرٹری سے فوری رابطے کی ہدایت بھی دی اور کہا کہ وہ وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کو اس سنگین صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزراء اور متعلقہ سیکرٹریز کی ایوان میں غیر سنجیدگی ناقابل قبول ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے ویمن ڈویلپمنٹ کی غیر حاضری پر حکومتی رکن امجد علی جاوید نے توجہ دلائی، جبکہ اپوزیشن کے رانا آفتاب احمد خان نے بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد سے خاص طور پر آئے ہیں لیکن ایوان میں کوئی موجود نہیں۔

اسپیکر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں غیر سنجیدگی اور غیر حاضری افسوسناک ہے، متعلقہ وزراء جواب دیں کہ ان کے سیکرٹریز ایوان میں شرکت کیوں نہیں کرتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں