جوہانسبرگ: بھارتی اثر و رسوخ کے باعث کرکٹ جنوبی افریقا نے اپنی پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے آئی پی ایل میں شریک کھلاڑیوں کو مکمل لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو 26 مئی تک واپس بلانے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کی تیاری کی جا سکے۔ تاہم اب بورڈ نے این او سی کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔
جنوبی افریقا کے ڈائریکٹر کرکٹ نے اس حوالے سے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ جنوبی افریقی اسکواڈ 3 جون سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے ٹریننگ کا آغاز کرے گا اور کھلاڑی اب 26 مئی کے بجائے 3 جون کو ٹیم کو رپورٹ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کے اس فیصلے کے پیچھے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا دباؤ ہے، کیونکہ آئی پی ایل کا اختتام بھی جون کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔