اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق دیے گئے غیر ذمہ دارانہ بیان کی شدید مذمت کی ہے، اور اسے نئی دہلی کی مایوسی اور عدم تحفظ کا اظہار قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا یہ بیان پاکستان کی روایتی عسکری صلاحیت کے باعث بھارتی دفاعی اداروں میں پائی جانے والی بے چینی کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان کو بھارت کو روکنے کے لیے “ایٹمی بلیک میلنگ” کی ضرورت نہیں، جیسا کہ خود نئی دہلی اختیار کر رہا ہے۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کے تبصرے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے مینڈیٹ سے مکمل لاعلمی کا ثبوت ہیں۔ اگر عالمی برادری اور آئی اے ای اے کو کسی بات پر تشویش ہونی چاہیے تو وہ بھارت میں تابکار مواد کی بارہا چوری اور غیر قانونی اسمگلنگ کے واقعات ہیں۔