کنول شوذب کی بیرون ملک سفر کی درخواست مسترد، انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ

کنول شوذب کی بیرون ملک سفر کی درخواست مسترد، انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ 0

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما کنول شوذب کی بیرون ملک جانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کنول شوذب کی متفرق درخواست کی سماعت کی، جس میں انہوں نے بیٹے کی تعلیمی سالانہ تقریب میں شرکت کے لیے امریکہ جانے کی اجازت مانگی تھی۔ تاہم، پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کنول شوذب پر راولپنڈی میں 12 مقدمات درج ہیں، جن میں سے ایک میں ہی فرد جرم عائد ہوئی ہے جبکہ باقی مقدمات کی نقول تقسیم ہو چکی ہیں۔

پراسیکیوٹر سید ظہیر شاہ نے دلائل دیے کہ فرد جرم کی سماعت کے دوران ملزمہ کی حاضری ضروری ہے اور اگر کنول شوذب بیرون ملک چلی گئیں تو مقدمے کا ٹرائل متاثر ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے مقدمات کی سماعت چار ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے پراسیکیوٹر کے دلائل کو تسلیم کرتے ہوئے کنول شوذب کی درخواست خارج کر دی اور انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں