یومِ تشکر: دشمن چکرا گیا، قوم متحد ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب

یومِ تشکر دشمن چکرا گیا، قوم متحد ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب 0

اسلام آباد: پاکستان مونومنٹ میں یومِ تشکر کی مرکزی تقریب جاری ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن خود کو خطے کا حاکم سمجھتا تھا، لیکن ہماری حکمت عملی نے اسے چکرا کر رکھ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار جانیں قربان کیں، اور آج دنیا پاکستان کی عسکری حکمت عملی اور قربانیوں کو تسلیم کر رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دشمن نے طاقت کے نشے میں پاکستان پر حملہ کیا، معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، لیکن ہماری مسلح افواج نے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور اس کے چھ جنگی طیارے مار گرائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہماری فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے رافیل طیارے تباہ کیے اور قوم کو سرفراز کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جب آرمی چیف نے دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کی اجازت مانگی، تو پوری قیادت نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ہماری جوابی کارروائی نے دشمن کو سر چھپانے کی جگہ نہ دی۔ آج پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تقریب میں پاک فضائیہ کی شاندار فلائی پاسٹ نے شرکاء کو مسحور کر دیا۔ وطن کی حفاظت میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

یوم تشکر کی اس تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وفاقی وزرا، کابینہ ارکان، اور غیر ملکی سفارت کاروں سمیت دیگر معزز مہمان شریک ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں