پاکستان نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا، یومِ تشکر حکومت اور فوج کو دعا دینے کا دن ہے: قمر زمان کائرہ

پاکستان نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا، یومِ تشکر حکومت اور فوج کو دعا دینے کا دن ہے قمر زمان کائرہ 0

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آج کا دن یومِ تشکر ہے، اللہ نے پاکستان پر خاص کرم فرمایا، اور ایک بڑی طاقت جو گھمنڈ میں مبتلا تھی، اسے شکست ہوئی۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اپنی حکومت اور پاک افواج کو دعا دینے کا دن ہے جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف فوجی طور پر بلکہ اخلاقی اور شعوری سطح پر بھی فتح حاصل کی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان نے فوراً مذمت کی اور غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے طاقت کے نشے میں آ کر حملہ کیا، حتیٰ کہ مساجد، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جوابی کارروائی میں صرف فوجی اہداف کو نشانہ بنایا اور دنیا کو دکھا دیا کہ ہم ایک ذمہ دار ریاست ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر بھی پاکستانی جوانوں نے بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کیا اور حقیقت دنیا کے سامنے رکھی۔

کائرہ نے کہا کہ پاکستان نے بھرپور دفاع کیا اور بھارت کو وہ جواب دیا کہ ان کی چیخیں نکل گئیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نہ صرف عسکری بلکہ اخلاقی محاذ پر بھی کامیاب رہا ہے، اور یہ ایک اجتماعی قومی کامیابی ہے۔

سیاسی تناظر میں بات کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ قوم نے ثابت کیا کہ سیاسی اور فکری اختلافات اپنی جگہ، لیکن جب ملکی سلامتی کی بات آئے تو پوری قوم ایک ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ اپنی غلطیوں سے سیکھیں، معذرت کریں اور آگے بڑھیں، تاکہ پاکستان کا دفاع مزید مضبوط ہو۔

انہوں نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ چھوٹی موٹی باتوں کو نظر انداز کرے اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے اقدامات کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں