پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ میچز کل سے شروع، شائقین کرکٹ تیار ہو جائیں

پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ میچز کل سے شروع، شائقین کرکٹ تیار ہو جائیں 0

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز کا کل سے آغاز ہونے جا رہا ہے، جہاں راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔ شائقین کرکٹ ایک بار پھر دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کے لیے تیار ہو جائیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 10 کے باقی میچز 17 مئی سے دوبارہ شروع ہو رہے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہوگا، جو رات 7:30 بجے شروع ہوگا۔ اس اہم میچ کے لیے دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہیں جبکہ غیر ملکی کھلاڑی بھی آج اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے۔

پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت کراچی کنگز دس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ پشاور زلمی آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ فتح کی صورت میں کراچی کنگز پلے آف کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

18 مئی کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں ڈبل ہیڈر ہوگا، جہاں دوپہر کے وقت ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل آئیں گے جبکہ شام کو پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان زبردست مقابلہ ہوگا۔

19 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان گروپ مرحلے کا آخری میچ کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد پلے آف مرحلہ 21 مئی سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ پہلا ایلیمینیٹر 22 مئی، دوسرا ایلیمینیٹر 23 مئی جبکہ فائنل 25 مئی کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے مطابق دوپہر کے میچز سہ پہر 3 بجے اور شام کے میچز رات 7:30 بجے شروع ہوں گے۔ ٹکٹوں کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں