وسیم بادامی کا بھارتی الزامات پر خاموش فنکاروں کو کرارا جواب: “ملک کی عزت کا تقاضا ہے کہ اس کا ساتھ دیا جائے”

وسیم بادامی کا بھارتی الزامات پر خاموش فنکاروں کو کرارا جواب ملک کی عزت کا تقاضا ہے کہ اس کا ساتھ دیا جائے 0

کراچی: معروف صحافی اور اینکر پرسن وسیم بادامی نے پاک-بھارت حالیہ کشیدگی اور آپریشن “بنیان المرصوص” کے دوران خاموش رہنے والے فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ملک عالمی سطح پر الزامات کا سامنا کر رہا ہو تو فنکاروں کی خاموشی افسوسناک ہے۔

اے آر وائی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم بادامی نے کہا کہ کئی پاکستانی سلیبریٹیز نے قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے حق میں آواز بلند کی، جن میں فہد مصطفی، ہمایوں سعید، بہروز سبزواری، جاوید شیخ اور دیگر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فہد مصطفی ہر لمحہ حالات سے باخبر رہنے کے لیے ان سے رابطے میں رہے جبکہ ہمایوں سعید نے اسپتال سے بھی اپنی ذمہ داری نبھائی۔

وسیم بادامی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ فنکاروں نے مکمل خاموشی اختیار کی جو قابلِ افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ، “جب آپ کا ملک عالمی سطح پر زیرِ بحث ہو، تو غیر جانبداری اختیار کرنا درست عمل نہیں۔”

انہوں نے مزید کہا کہ، “کئی فنکاروں نے بھارت میں مقبولیت حاصل کی، مگر انہیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ان کی شناخت پاکستان کی بدولت ہے۔ جب ملک پر الزامات لگائے جائیں تو جواب دینا ضروری ہے۔”

بادامی نے واضح کیا کہ پاکستانی قوم معصوم جانوں کے ضیاع کی ہمیشہ مذمت کرتی ہے، چاہے وہ کہیں بھی ہو، لیکن بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات پر فنکاروں کی خاموشی مناسب نہیں۔

انہوں نے اختتام پر کہا کہ، “ملک سے ملی عزت کے بدلے، ملک کا ساتھ دینا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے، خاص طور پر ان لوگوں کی جو شہرت اور مقام پاکستان کے سبب حاصل کر چکے ہیں۔”

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں