برطانوی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، پاک بھارت سیز فائر کی حمایت اور خطے میں امن کے فروغ پر زور

برطانوی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، پاک بھارت سیز فائر کی حمایت اور خطے میں امن کے فروغ پر زور 0

اسلام آباد: برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران خطے میں امن و استحکام اور پاک بھارت سیز فائر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان جنگ بندی کا برقرار رہنا نہایت ضروری ہے، کیونکہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔

ڈیوڈ لیمی نے وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں پاک بھارت کشیدگی، سیز فائر، علاقائی سلامتی، اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں انہوں نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے صبر و تحمل اور اصولی مؤقف کو سراہا، جبکہ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، تاہم امن کی کوششوں میں پیش پیش رہے گا۔

اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات میں برطانوی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اقتصادی، تجارتی، تعلیمی، اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈیوڈ لیمی کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے مابین قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت دونوں برطانیہ کے اہم شراکت دار ہیں، اور برطانیہ چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کشیدگی کو کم کر کے امن کی راہ اپنائیں۔

بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران بھی پاک بھارت تعلقات، حالیہ کشیدگی اور دوطرفہ تجارت سمیت دیگر اہم امور زیر بحث آئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں