نواز شریف کا وطن کے دفاع پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین، میڈیا اور پارلیمنٹ کے کردار کی بھی تعریف

نواز شریف کا وطن کے دفاع پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین، میڈیا اور پارلیمنٹ کے کردار کی بھی تعریف 0

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے حالیہ جنگ میں انتہائی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطنِ عزیز کا شاندار دفاع کیا۔ انہوں نے اس عظیم کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ “اللہ نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔”

سینیٹر عرفان صدیقی سے لاہور میں ملاقات کے دوران نواز شریف نے بھارت کے خلاف جنگ میں پارلیمنٹ کے مؤثر اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی قوتیں قومی مفاد میں ایک صفحے پر متحد رہیں، جو ایک مثالی اتحاد کی علامت ہے۔

نواز شریف نے اس موقع پر پاکستانی میڈیا کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ “میڈیا نے جنگ کے دنوں میں نہ صرف عوام کو باخبر رکھا بلکہ قومی بیانیے کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا، جو قابل تحسین ہے۔”

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے جو جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت دکھائی، اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کو ایک بار پھر واضح پیغام مل گیا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

میاں نواز شریف کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد اور ہم آہنگی نے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم ہر آزمائش میں متحد ہو کر وطن کے دفاع کے لیے کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں