بھارت کا سیٹلائٹ لانچ مشن ناکام، پولر سیٹلائٹ مدار تک نہ پہنچ سکا

بھارت کا سیٹلائٹ لانچ مشن ناکام، پولر سیٹلائٹ مدار تک نہ پہنچ سکا 0

نئی دہلی: بھارت کو خلائی سائنس کے میدان میں ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے، جہاں پولر سیٹلائٹ لانچ وہیکل (PSLV-C61) کا مشن بری طرح ناکام ہو گیا۔ راکٹ لانچنگ کے چند منٹ بعد ہی تیسرے مرحلے میں تکنیکی خرابی کے باعث سیٹلائٹ اپنے مقررہ مدار تک نہ پہنچ سکا۔

تفصیلات کے مطابق، بھارتی خلائی ایجنسی (ISRO) کی جانب سے اتوار کی صبح 5:59 بجے سری ہری کوٹا میں واقع ستیش دھاون اسپیس سینٹر سے PSLV-C61 راکٹ کو لانچ کیا گیا۔ تاہم روانگی کے صرف 203 سیکنڈ بعد تیسرے مرحلے میں استعمال ہونے والا ہائیڈروکسیل ٹرمینیٹڈ پالی بیوٹادیین ایندھن ٹھیک طرح سے کام نہ کر سکا، جس کے باعث مشن کو فوری طور پر روک دیا گیا۔

خرابی کے بعد ’آئی ایس آر او‘ نے فیلڈ ٹرمینیشن پروسیجر کے تحت راکٹ کے چوتھے مرحلے سمیت EOS-09 سیٹلائٹ کو تباہ کر دیا۔ یہ سیٹلائٹ 1696 کلوگرام وزنی تھا اور اس میں جدید سی-بینڈ سنتھیٹک اپرچر ریڈار (SAR) نصب کیا گیا تھا، جو سرحدی نگرانی، قدرتی آفات کے ردعمل اور مختلف جغرافیائی امور کے لیے استعمال ہونا تھا۔

یہ مشن ’پی ایس ایل وی‘ سیریز کے 63 میں سے تیسری مکمل ناکامی ہے، جس کے بعد بھارتی خلائی ادارے نے مشن ڈیٹا کا تجزیہ شروع کر دیا ہے تاکہ اصل وجہ کا تعین کیا جا سکے — چاہے وہ ایندھن کی ترسیل میں مسئلہ ہو، نوزل میں خرابی یا ساختی کمزوری۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ناکامی کے باعث بھارت کے زیرِ تعمیر 52 سیٹلائٹس پر مشتمل نگرانی نیٹ ورک کے منصوبے میں نمایاں تاخیر ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں