نیو یارک — میکسیکو کی بحریہ کا تربیتی جہاز ’کواہ ٹیموچ‘ (Cuauhtemoc) ہفتے کی شب نیو یارک کے مشہور بروکلین برج سے ٹکرا گیا، حادثے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے، جن میں چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثہ رات 8:26 بجے پیش آیا جب جہاز نیو یارک ہاربر سے روانہ ہو رہا تھا۔
نیو یارک کے میئر ایرک ایڈمز نے میڈیا سے گفتگو میں حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 277 افراد اس وقت جہاز پر سوار تھے، جن میں زیادہ تر کیڈٹس شامل تھے۔ زخمی تمام افراد جہاز کے عملے میں شامل تھے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روشن جہاز آہستہ آہستہ 147 فٹ بلند بروکلین برج کے قریب پہنچا اور پھر زوردار آواز کے ساتھ اس سے ٹکرا گیا۔ ویڈیو میں کچھ لوگ ہاربر پر خوف زدہ انداز میں بھاگتے دکھائی دیے جبکہ جہاز سے ملاحوں کو گرتے اور کچھ کو ماسٹس (جہاز کے کھمبے) سے چمٹے دیکھا گیا۔
نیو یارک فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ریسکیو آپریشن فوری طور پر شروع کر دیا گیا اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی تاہم تحقیقات جاری ہیں۔
’کواہ ٹیموچ‘ ایک مشہور تربیتی بحری جہاز ہے جو میکسیکو نیوی کے کیڈٹس کو مختلف ممالک کا دورہ کرا کے تربیت فراہم کرتا ہے۔ یہ جہاز 15 ممالک کی 22 بندرگاہوں پر رکنے والا تھا۔ حادثے کے وقت یہ نیو یارک ہاربر سے روانگی پر تھا۔