کراچی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نوجوان جاں بحق، شہری کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

کراچی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر نوجوان جاں بحق، شہری کی جوابی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک 0

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کی ایک واردات جان لیوا ثابت ہوئی، جہاں مزاحمت پر ڈاکو کی گولی سے نوجوان ہلاک ہو گیا، تاہم فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں میں سے ایک کو شہری نے فائرنگ کر کے مار ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے ڈسکو موڑ کے قریب ایک جوس سینٹر میں پیش آیا، جہاں دو مسلح ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 20 سالہ عابد شدید زخمی ہوگیا۔ بعد ازاں ایک شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرار ہوتے ڈاکو پر فائرنگ کی، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل اور پستول برآمد کر لیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے شہری کی شناخت 20 سالہ عابد کے نام سے ہوئی ہے، جو اورنگی ٹاؤن بہار کالونی کا رہائشی تھا اور چند روز قبل ہی نوکری پر رکھا گیا تھا۔ مارے گئے ملزم کی شناخت عدنان علی کے نام سے ہوئی ہے، جو اسی علاقے کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق اس کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

دکان کے مالک فردوس نے بتایا کہ زخمی عابد کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن اسپتال میں بروقت طبی امداد نہ ملنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا۔ اہلِ علاقہ نے بھی اسپتال انتظامیہ کی نااہلی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ فرار ہونے والے ڈاکو کی تلاش کے لیے اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں