بیرسٹر گوہر کی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی خبروں کی سختی سے تردید

بیرسٹر گوہر کی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی خبروں کی سختی سے تردید 0

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی خبروں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف نے ایسی کوئی حکمت عملی یا سیاسی چال تیار نہیں کی، اور نہ ہی پارٹی کے کسی فورم پر اس موضوع پر بات ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “تحریک عدم اعتماد لانے کا نہ کوئی ارادہ ہے، نہ فیصلہ، نہ ایسی کوئی خبر ہمارے پاس آئی ہے۔”

انہوں نے میڈیا پر چلنے والی خبروں کو افواہیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ “وزیراعظم، اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پی ٹی آئی کے کسی ایجنڈے کا حصہ نہیں۔ ایسی قیاس آرائیاں غیر سنجیدہ اور حقائق سے دور ہیں۔”

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں ملکی سیاسی منظرنامے میں تبدیلی آئی ہے اور حالات نسبتاً پرسکون ہوئے ہیں، “سیاسی درجہ حرارت میں کمی آئی ہے اور اس وقت ہماری ترجیح آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد ہے۔”

پی ٹی آئی چیئرمین نے میڈیا سے اپیل کی کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی جائے اور غیر مصدقہ اطلاعات کو عوام کے سامنے پیش نہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں