نوشہرہ: خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اضاخیل بالا میں زہریلی مٹھائی کھانے سے افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک ہی گھر کے تین معصوم بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی والدہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 8 سالہ مریم، 6 سالہ حریم اور 4 سالہ یومان شامل ہیں۔ متاثرہ خاندان کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بچوں کی موت کی تصدیق ہو گئی جبکہ ماں کو قاضی حسین احمد میموریل اسپتال نوشہرہ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مٹھائی کھانے کے بعد بچوں کی حالت بگڑنے لگی جس پر اہل خانہ نے فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا۔ والد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں شبہ ظاہر کیا ہے کہ مٹھائی میں زہریلا مواد شامل ہو سکتا ہے۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مٹھائی کے نمونے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ واقعے کی نوعیت اور ممکنہ غفلت یا سازش کے پہلوؤں پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔