کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عیدالاضحی کے موقع پر ملک بھر میں ڈیجیٹل مالی لین دین کو فروغ دینے کے لیے “گو کیش لیس” مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد مویشی منڈیوں میں نقدی کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال کو عام کرنا ہے۔
ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق مہم کے دوران ملک بھر کی 54 مویشی منڈیاں اس اقدام کا حصہ ہوں گی جہاں جانوروں کی خرید و فروخت، پانی، چارہ، اور پارکنگ فیس کی ادائیگی اب ڈیجیٹل طریقے سے کی جا سکے گی۔
اسٹیٹ بینک نے برانچ لیس اور آسان اکاؤنٹس کی یومیہ حد ختم کر دی ہے جبکہ ماہانہ ٹرانزیکشن کی حد 50 لاکھ روپے تک بڑھا دی گئی ہے تاکہ صارفین بغیر کسی رکاوٹ کے ڈیجیٹل ادائیگی کر سکیں۔
“گو کیش لیس” مہم 20 مئی سے 6 جون یا عید کی رات تک جاری رہے گی۔ اسٹیٹ بینک نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عید پر ڈیجیٹل مالی سہولیات کا استعمال کریں تاکہ محفوظ، شفاف اور آسان لین دین کو فروغ ملے۔