بھارتی نوجوانوں کا مودی حکومت پر طنز: “اگر بھارت جنگ جیت رہا تھا تو جنگ بندی کیوں کی گئی؟”

بھارتی نوجوانوں کا مودی حکومت پر طنز اگر بھارت جنگ جیت رہا تھا تو جنگ بندی کیوں کی گئی؟ 0

نئی دہلی: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور اس کے بعد ہونے والی جنگ بندی کے معاملے پر بھارتی نوجوانوں نے اپنی حکومت اور میڈیا کو آڑے ہاتھوں لے لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل تبصروں اور ویڈیوز میں نوجوانوں نے مودی سرکار سے تلخ سوالات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارتی فوج پاکستان میں گھس کر جیت رہی تھی تو پھر جنگ بندی کیوں کی گئی؟

بھارتی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ جنگ بندی امریکی دباؤ پر کی گئی، نہ کہ بھارت کی کسی حکمت عملی یا طاقت کی بنیاد پر۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جھوٹی اور جذباتی رپورٹنگ کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا گیا۔ کچھ ٹی وی چینلز کی جانب سے اسلام آباد پر قبضے کے بے بنیاد دعوے پر نوجوانوں نے سخت ردعمل دیا۔

ایک نوجوان نے طنزیہ انداز میں کہا، “لوگ ایک دوسرے سے پوچھ رہے تھے، کیا واقعی ہم نے اسلام آباد پر قبضہ کر لیا ہے؟”۔ انہوں نے معروف صحافی روش کمار کی دیانت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برسوں پہلے خبردار کیا تھا کہ ٹی وی چینلز پروپیگنڈے کا ذریعہ بن چکے ہیں۔

ایک اور نوجوان نے تبصرہ کیا کہ “اگر جنگ جاری رہتی تو بھارت کشمیر پر قبضہ کر لیتا” جیسے بیانات صرف سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے لیے ہوتے ہیں، ورنہ اگر فتح یقینی تھی تو پیچھے کیوں ہٹے؟

نوجوانوں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر جنگ بندی کو اپنی کامیابی کے طور پر پیش کیا اور عوام نے اسے خوشی سے منایا، جب کہ بھارت میں اس پر کوئی قومی جشن نظر نہیں آیا۔ ان کے مطابق بھارت نے عالمی طاقتوں، خاص طور پر امریکا کے معاشی دباؤ کے تحت یہ فیصلہ کیا، جو کہ قومی خودمختاری کے خلاف ہے۔

نوجوانوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ دفاعی فیصلے سیاستدانوں کے بجائے ماہرین کے مشورے سے ہونے چاہییں، تاکہ قوم کو سچائی بتائی جا سکے اور فیک نیوز سے بچایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں