ویپنگ نکوٹین گم سے زیادہ نشہ آور، ماہرین کا انتباہ

ویپنگ نکوٹین گم سے زیادہ نشہ آور، ماہرین کا انتباہ 0

ایک نئی امریکی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ویپنگ (الیکٹرانک سگریٹ) نکوٹین گم کے مقابلے میں زیادہ نشہ آور ثابت ہو رہی ہے، خاص طور پر نوجوانوں میں اس کی لت لگنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

تحقیق ویسٹ ورجینیا یونیورسٹی میں کی گئی جس میں 18 سے 24 سال کے موجودہ یا سابقہ سگریٹ نوش افراد کو شامل کیا گیا۔ شرکاء کو رات بھر نکوٹین سے دور رکھا گیا اور صبح انہیں نکوٹین گم یا ویپ استعمال کرنے کا موقع دیا گیا۔ بعد ازاں ان سے ان کے جذبات، خواہشات اور اطمینان سے متعلق سوالات کیے گئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جن افراد نے ویپ استعمال کی، انہوں نے نکوٹین کی شدید خواہشات میں کمی اور زیادہ اطمینان کا اظہار کیا، جب کہ نکوٹین گم استعمال کرنے والوں میں یہ احساس نسبتاً کم پایا گیا۔

تحقیق کی مرکزی مصنفہ، پی ایچ ڈی کی طالبہ اینڈریا ملسٹریڈ کے مطابق جدید ویپنگ ڈیوائسز نکوٹین کی ایسی اقسام استعمال کر رہی ہیں جو ذائقے میں نرم اور خوشگوار ہوتی ہیں، اس وجہ سے ان کی قبولیت زیادہ اور لت لگنے کے امکانات شدید ہو چکے ہیں، خصوصاً ان نوجوانوں میں جنہوں نے پہلے کبھی نکوٹین استعمال نہیں کی۔

یاد رہے کہ الیکٹرانک سگریٹس کو ابتدائی طور پر تمباکو نوشی کے نقصانات کم کرنے اور سگریٹ چھوڑنے میں مدد کے لیے متعارف کرایا گیا تھا، مگر اب یہ خود ایک نئی لت بن چکی ہے اور وہ نوجوان بھی اس کے عادی ہو رہے ہیں جو پہلے تمباکو نوش نہیں تھے۔

اسی تناظر میں برطانوی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ڈسپوزیبل ویپ پر پابندی اور ذائقوں کے دائرہ کار کو محدود کرے گی تاکہ نوجوانوں کے لیے اسے کم پرکشش بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں