کراچی: سندھ اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے لیے اگلے مالی سال کے بجٹ میں اہم تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق، اسپیکرز کانفرنس کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ سفارشات دی جا چکی ہیں جن پر سندھ حکومت غور کر رہی ہے۔
فی الوقت ایک رکن سندھ اسمبلی کو مجموعی طور پر تقریباً 1 لاکھ 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ و مراعات دی جاتی ہیں، تاہم ارکان کی جانب سے اس رقم کو دیگر صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان کے مساوی کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، پارلیمانی سیکریٹریز، صوبائی کابینہ کے ارکان اور دیگر منتخب نمائندوں کی مراعات میں بھی اضافے کی تجاویز زیرِ غور ہیں۔ اس وقت قومی اسمبلی اور دیگر صوبوں کی اسمبلیوں میں ارکان کی تنخواہیں اور مراعات سندھ کے مقابلے میں زیادہ ہیں، جس کے پیش نظر سندھ اسمبلی کے ارکان مراعات میں توازن لانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
سندھ حکومت اس وقت ان تجاویز کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے، اور امکان ہے کہ نئے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں اس ضمن میں باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔