راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 30ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔
میچ کا آغاز کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر کے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو بیٹنگ کی دعوت دینے سے ہوا۔ اسلام آباد کی جانب سے ایلکس ہیلز اور صاحبزادہ فرحان نے برق رفتاری سے کھیل کا آغاز کیا اور ابتدائی 11 اوورز میں ہی 150 رنز بنا ڈالے۔
صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ ایلکس ہیلز نے 35 گیندوں پر 88 رنز اسکور کیے جن میں 8 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ شاداب خان نے بھی 19 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 251 رنز بنائے۔
252 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 172 رنز پر 19ویں اوور میں آل آؤٹ ہو گئی۔ ڈیوڈ وارنر 43 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جبکہ عباس آفریدی نے 34 اور ٹم سیفرٹ نے 26 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 4، سلمان ارشاد نے 3 اور عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ میچ چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مختص تھا، اسلام آباد یونائیٹڈ پنک کٹ جبکہ کراچی کنگز پنک کیپ کے ساتھ میدان میں اتریں۔
اس فتح کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کوالیفائر ون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ٹکرائے گی، جبکہ کراچی کنگز ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز سے مقابلہ کرے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیگ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے پچھلے 5 میں سے 4 میچز جیت کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ دونوں ٹیمیں اب تک 21 بار مدمقابل آئیں، جن میں اسلام آباد نے 17 اور کراچی نے 4 میچز جیتے۔