“جے فار جاوید، جے فار جہنم” — نادیہ حسین کا جاوید اختر کو طنزیہ جواب، سوشل میڈیا پر دھوم

جے فار جاوید، جے فار جہنم — نادیہ حسین کا جاوید اختر کو طنزیہ جواب، سوشل میڈیا پر دھوم 0

کراچی: پاکستان کی معروف ماڈل اور اداکارہ نادیہ حسین نے بھارتی مصنف اور نغمہ نگار جاوید اختر کے حالیہ پاکستان مخالف بیان پر طنزیہ انداز میں شدید ردعمل دیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر زبردست مقبولیت حاصل کرلی ہے۔

جاوید اختر نے ایک متنازع بیان میں کہا تھا کہ اگر اُنہیں صرف دو آپشنز دیے جائیں — پاکستان یا جہنم — تو وہ جہنم کو ترجیح دیں گے۔ ان کے اس بیان پر پاکستانی فنکاروں اور عوام کی جانب سے سخت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

نادیہ حسین نے انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں “جے فار جاوید، جے فار جہنم، اور جے فار جاوید جاؤ جہنم” لکھ کر جاوید اختر کے بیان پر طنز کیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے خوب تبصرے کیے۔
نادیہ کا یہ مختصر مگر چبھتا ہوا پیغام وائرل ہو گیا اور ہزاروں صارفین نے اسے شیئر کرتے ہوئے ان کے انداز کو سراہا۔

اداکار عمران عباس نے بھی جاوید اختر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ جہنم کا انتخاب نہ بھی کریں، تب بھی وہ وہیں جائیں گے، اور یقیناً سب سے نچلے درجے میں ہوں گے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے مزید کہا، “ہم نے انہیں بزنس یا فرسٹ کلاس کا اسٹیٹس دیا، مگر وہ کسی بھی کلاس کے قابل نہیں۔”

ایک صارف نے لکھا: “اور بہترین جواب دینے کا ایوارڈ جاتا ہے نادیہ حسین کو!”
جبکہ ایک اور صارف نے ان کے مشہور ڈرامہ کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: “یہ ہوئی نا بات فرحت پھپھو!”

جاوید اختر کے متنازع بیانات کا پس منظر
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جاوید اختر نے پاکستان کے خلاف بیان دیا ہو۔ 2023 میں لاہور کے فیض فیسٹیول میں شرکت کے دوران بھی وہ پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگا کر تنازع کھڑا کر چکے ہیں۔

جاوید اختر کے حالیہ بیانات کو مبصرین بھارتی انتہا پسند حلقوں کو خوش کرنے کی کوشش قرار دے رہے ہیں، جبکہ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اور فنکار کھل کر ان کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں