اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ان کی شاندار عسکری خدمات، آپریشن بنیان مرصوص میں فیصلہ کن قیادت اور دشمن کی جارحیت کو ناکام بنانے پر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایئر چیف مارشل ظہر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت مکمل ہونے پر ان کی خدمات جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں ملکی سلامتی، عسکری قیادت کی کارکردگی اور حالیہ معرکہ پر تفصیلی غور کیا گیا۔
تاریخ ساز لمحہ: فیلڈ مارشل کا رتبہ
فیلڈ مارشل پاکستان کی عسکری تاریخ کا سب سے بڑا عہدہ ہے، اور جنرل ایوب خان کے بعد جنرل عاصم منیر اس اعزاز کے حامل دوسرے فوجی افسر بن گئے ہیں۔ کابینہ اعلامیے کے مطابق جنرل عاصم منیر نے 6 اور 7 مئی 2025 کو دشمن کے بلا اشتعال حملے کا جرات مندانہ اور کامیاب جواب دیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے تاریخی فتح حاصل کی۔
وزیراعظم کا خراجِ تحسین
وزیراعظم نے جنرل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی قیادت میں پاکستان نے ایک اہم تاریخی مرحلے پر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ ان کی قیادت اور عسکری حکمتِ عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے اُنہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی جائے۔
فیلڈ مارشل کا ردعمل
نئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اعزاز پر اللہ تعالیٰ، قوم، افواجِ پاکستان، شہداء اور غازیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ:
“یہ اعزاز پوری قوم کی امانت ہے، جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں۔”
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ انفرادی نہیں بلکہ پوری قوم اور مسلح افواج کے لیے اعزاز ہے۔
ایئر چیف مارشل کی مدت ملازمت میں توسیع
وفاقی کابینہ نے ایئر چیف مارشل ظہر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع پر بھی اتفاق کیا ہے، تاکہ ملکی فضائی دفاع مزید مستحکم رہے۔
شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین
کابینہ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران نمایاں خدمات انجام دینے والے افواجِ پاکستان کے افسران، جوانوں، شہداء، غازیوں اور عام شہریوں کو سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔