مکہ مکرمہ: سعودی وزارتِ داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر 12 غیر ملکیوں اور 8 سعودی شہریوں کو گرفتار کر کے سخت سزائیں سنادی ہیں۔ یہ افراد بغیر اجازت نامے کے 60 افراد کو مکہ مکرمہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں داخلی چیک پوسٹوں پر تعینات حج سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق گرفتار افراد میں وہ ٹرانسپورٹرز، ان کے معاونین اور غیر قانونی طریقے سے حج کی سہولت حاصل کرنے والے افراد شامل ہیں۔ ان سب پر درج ذیل سزائیں عائد کی گئی ہیں:
قید کی سزا
زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ ریال (SR100,000) تک کا جرمانہ
غیر قانونی طور پر استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ضبطی
غیر ملکی افراد کی ملک بدری
سزا کی تکمیل کے بعد دس سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی
سعودی وزارتِ داخلہ نے شہریوں اور مقیم افراد پر زور دیا ہے کہ وہ حج کے طے شدہ ضوابط کی مکمل پیروی کریں، تاکہ حجاج کرام باآسانی اور سلامتی کے ساتھ اپنے مناسک ادا کر سکیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سعودی حج سیکیورٹی فورسز نے ایک مصری شہری کو ’مکہ پرمٹ‘ کے بغیر 22 افراد کو غیر قانونی طریقے سے مکہ لے جانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔