پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ غنیٰ علی نے حالیہ انٹرویو میں شوبز چھوڑنے سے متعلق پھیلنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اداکاری کو خیرباد نہیں کہا۔ اداکارہ نے بتایا کہ رمضان المبارک میں وہ اعتکاف میں تھیں، اسی دوران ان کے بھائی نے ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ کر دی کہ وہ شوبز چھوڑ رہی ہیں، جس پر مداحوں میں بے چینی اور قیاس آرائیوں کا طوفان اُٹھا۔
غنیٰ علی نے کہا کہ اگرچہ ان کے شوہر اور خاندان اداکاری کے حق میں نہیں ہیں، تاہم وہ ان کے شوق اور جذبے کو سمجھتے ہیں اور اسی بنا پر انہیں کام کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنے خاندان کے اعتماد اور محبت کی لاج رکھتے ہوئے صرف ایسے پراجیکٹس کا حصہ بنتی ہیں جو ان کے اخلاقی اور خاندانی اقدار سے ہم آہنگ ہوں۔
فلموں میں کام کرنے کے سوال پر غنیٰ علی کا کہنا تھا کہ اگر کردار مثبت ہو اور ان کے خاندانی اصولوں کے دائرے میں ہو، تو وہ اس پر ضرور غور کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح ہمیشہ ان کی فیملی اور ان کی عزت رہی ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ اداکاری ان کے لیے محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک شوق ہے، جس سے وہ جڑے رہنا چاہتی ہیں، بشرطیکہ یہ ان کی ذاتی اور خاندانی زندگی کو متاثر نہ کرے۔