سفارتی کمیٹی کا اہم اجلاس، بھارت کو عالمی سطح پر مؤثر جواب دینے کا فیصلہ

سفارتی کمیٹی کا اہم اجلاس، بھارت کو عالمی سطح پر مؤثر جواب دینے کا فیصلہ 0

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی سفارتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی جارحانہ پالیسیوں کے خلاف عالمی فورمز پر مؤثر حکمت عملی اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وزارت خارجہ کے حکام نے خطے کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ دی اور پاکستان کے امن پسند مؤقف کو اجاگر کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے لیکن بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے پانی کو ہتھیار بنانے کی کوششوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ بھارت کے الزامات کے پیچھے کوئی شواہد نہیں اور پاکستان دنیا کو اصل حقائق سے آگاہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی یکطرفہ کارروائیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گا اور برابری کی سطح پر مذاکرات چاہتا ہے۔

خرم دستگیر نے کہا کہ خطے میں امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے جڑا ہے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کو علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سفارتی کمیٹی اس حوالے سے عالمی برادری کو مکمل طور پر باخبر رکھے گی۔

وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے اور عالمی سطح پر اپنا مقدمہ دلائل کے ساتھ پیش کرے گا۔

یہ کمیٹی وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے اور اس کا مقصد عالمی سفارتی محاذ پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنا اور بھارت کی جارحیت کو بے نقاب کرنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں