لاہور: صوبہ پنجاب کے شہریوں کے لیے خوشخبری، پی ڈی ایم اے نے موسم کی صورتحال کے حوالے سے نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے 23 اور 24 مئی کے دوران مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آنے والے دنوں میں گوجرانوالہ، چکوال، منڈی بہاؤالدین، جہلم، راولپنڈی، مری، گلیات اور اٹک سمیت متعدد علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، جھنگ، میانوالی اور جنوبی پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے گرمی اور ہیٹ ویو کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش اور طوفانی ہواؤں کے دوران شہری محفوظ مقامات پر رہیں اور آسمانی بجلی سے بچنے کے لیے کھلے آسمان تلے کھڑے ہونے سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔