“آپ نے بھارتی مفادات ٹرمپ کے قدموں میں رکھ دیے”:راہول گاندھی کی مودی پر کڑی تنقید

آپ نے بھارتی مفادات ٹرمپ کے قدموں میں رکھ دیےراہول گاندھی کی مودی پر کڑی تنقید 0

نئی دہلی: بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے قومی مفادات کو بیرونی طاقتوں، خصوصاً سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے قربان کیا۔ ان خیالات کا اظہار راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر ایک بیان میں کیا۔

راہول گاندھی نے مودی حکومت کی خارجہ پالیسی اور سفارتی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے تین اہم سوالات اٹھائے:

آپ نے پاکستان کے دہشتگردی سے متعلق بیان پر اعتماد کیوں کیا؟
آپ نے بھارتی مفادات کو ٹرمپ کے سامنے کیوں جھک کر قربان کیا؟
آپ کا غصہ صرف کیمروں کے سامنے ہی کیوں دکھائی دیتا ہے؟

راہول گاندھی نے کہا کہ بی جے پی حکومت نہ صرف عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ ملکی عوام کو حقیقت سے دور رکھنے کے لیے محض تقریروں اور دکھاوے پر انحصار کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت کے سفارتی دوروں کو “عوام کی توجہ ہٹانے کے ہتھیار” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

یہ تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ “آپریشن سندور” کے دوران کانگریس نے قومی مفاد میں حکومت کی حمایت کی تھی۔ تاہم جنگ بندی کے بعد اپوزیشن نے ایک بار پھر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

راہول گاندھی کے حالیہ بیانات سے بھارتی سیاسی منظرنامے میں ایک بار پھر ہلچل مچ گئی ہے، اور مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ الزامات آئندہ انتخابات سے قبل حکومت پر عوامی دباؤ بڑھا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں