اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی پروازوں پر عائد پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے۔ سول ایوی ایشن حکام کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ، آپریٹڈ، ملکیت یا لیز پر لیے گئے تمام طیارے اس پابندی کے دائرے میں آئیں گے، جس کا اطلاق فوجی طیاروں پر بھی ہوگا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق فضائی حدود کی یہ بندش اب 24 جون 2025 کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔ اس سلسلے میں نوٹم (NOTAM) جاری کیا جائے گا تاکہ تمام متعلقہ ادارے اور ایئر لائنز بروقت آگاہ ہو سکیں۔
رپورٹس کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو ایک ماہ میں 800 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔ اگر پابندی برقرار رہی تو ایئر لائنز کو آپریشن جاری رکھنے کے لیے غیر معمولی فیصلے کرنے پڑ سکتے ہیں۔
بھارتی ایوی ایشن سیکٹر کی جانب سے حکومت سے مالی امداد کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ اگر بھارتی حکومت نے مدد فراہم نہ کی تو کئی فضائی روٹس متاثر ہو سکتے ہیں۔
یہ پابندی پاکستان اور بھارت کے مابین حالیہ کشیدگی کے تناظر میں عائد کی گئی تھی۔ پاکستان نے سیکیورٹی وجوہات کے باعث یہ اقدام اٹھایا، جس پر عملدرآمد بدستور جاری ہے۔