نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے 7 سالہ ٹیرف کی منظوری دے دی، صارفین پر فوری اثر نہیں پڑے گا

نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے 7 سالہ ٹیرف کی منظوری دے دی، صارفین پر فوری اثر نہیں پڑے گا 0

اسلام آباد: نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی) نے کے الیکٹرک کے لیے مالی سال 2023 سے 2030 تک کا 7 سالہ ملٹی ایئر ٹیرف (MET) منظور کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت کراچی میں بجلی کے نرخوں میں اوسطاً 3.31 روپے فی یونٹ اضافہ تجویز کیا گیا ہے، تاہم فی الحال صارفین کے بجلی بلوں پر براہِ راست کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

منظور شدہ ٹیرف کے مطابق، سال 2024-25 میں کے الیکٹرک کو ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک سے 50.284 ارب روپے آمدنی حاصل ہونے کا ہدف دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، کمپنی کو “یوز آف سسٹم چارجز” کے تحت 43.447 ارب روپے ریونیو حاصل کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے، جس کا فی یونٹ اثر تقریباً 3.30 روپے ہوگا۔

نیپرا کے مطابق چونکہ ملک میں “یکساں ٹیرف پالیسی” نافذ ہے، اس لیے صارفین سے بجلی کی قیمت وصولی کا عمل وفاقی حکومت کی پالیسی کے مطابق ہوگا اور منظور شدہ اضافے کا فوری اثر صارفین کے بلوں میں نہیں آئے گا۔

کے الیکٹرک کی درخواست پر، نیپرا نے ڈسٹریبیوشن سیکٹر کے لیے 14 فیصد ریٹرن آن ایکوئٹی کی منظوری دی ہے جبکہ کمپنی نے 16 فیصد کا مطالبہ کیا تھا۔ ٹرانسمیشن سیکٹر کے لیے 12 فیصد ریٹرن آن ایکوئٹی کی منظوری دی گئی، جبکہ کے الیکٹرک نے 15 فیصد کی درخواست کی تھی۔

نیپرا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کی منظوری کے بعد منظور شدہ اعداد و شمار میں رد و بدل ممکن ہے۔

یاد رہے کہ اس فیصلے سے قبل نیپرا نے جون 2023 میں عوامی سماعت کے ذریعے کے الیکٹرک کے ٹیرف سے متعلق تجاویز پر رائے لی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں