لاہور:پنجاب میں حالیہ شدید آندھی اور طوفانی موسم کے باعث پیش آنے والے جانی و مالی نقصانات پر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں پیش آنے والے واقعات میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 92 شہری زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں لاہور سے تین، جہلم سے تین، راولپنڈی، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ اور میانوالی سے ایک، ایک شخص شامل ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق زیادہ تر اموات بوسیدہ مکانات کے گرنے اور غیر محفوظ مقامات پر موجودگی کے باعث ہوئیں، جبکہ آندھی کے باعث کئی کچے مکانات کو نقصان پہنچا اور لاہور میں درختوں کے گرنے اور سولر پینلز کو نقصان کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے زخمیوں کو فوری اور مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور امدادی اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں کو مشینری اور عملے کے ساتھ چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ صوبائی کنٹرول روم اور ضلعی ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو 24 گھنٹے کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں، اور بچوں کو بوسیدہ عمارتوں کے قریب نہ جانے دیں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔