بھارت کی بلوچستان میں خفیہ مداخلت بے نقاب، وکی لیکس کے انکشافات نے دنیا کو چونکا دیا

بھارت کی بلوچستان میں خفیہ مداخلت بے نقاب، وکی لیکس کے انکشافات نے دنیا کو چونکا دیا 0

اسلام آباد: پاکستان کے دیرینہ مؤقف کو عالمی سطح پر مزید تقویت مل گئی ہے، جب وکی لیکس کی حالیہ رپورٹ میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی بلوچستان میں سرگرمیوں سے پردہ اٹھایا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتی کیبلز میں اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ عالمی مبصرین بھارت کی پاکستان میں تخریبی کارروائیوں سے بخوبی آگاہ تھے۔

سنہ 2009 میں مصر میں ہونے والی پاک-بھارت بات چیت کے دوران پاکستان نے پہلی بار باضابطہ طور پر عالمی سطح پر بھارت کی بلوچستان میں مداخلت کا معاملہ اٹھایا۔ اس کے بعد 2015 اور 2019 میں اقوام متحدہ کو بھارتی مداخلت سے متعلق تفصیلی شواہد پر مبنی ڈوزیئرز پیش کیے گئے۔

2016 میں “را” کے نیول افسر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری نے بھارت کے خفیہ نیٹ ورک کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا۔ کلبھوشن نے دورانِ تفتیش بلوچستان میں دہشتگردی، علیحدگی پسند عناصر کی مالی معاونت اور تربیت جیسے سنگین جرائم کا اعتراف کیا۔

2023 میں دو اہم علیحدگی پسند کمانڈرز، سرفراز بنگلزئی اور گلزار امام شمبے کی گرفتاری اور ان کے بیانات نے ایک بار پھر پاکستان کے مؤقف کی سچائی کو دنیا کے سامنے واضح کر دیا۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ان شواہد کے بعد عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ بھارت کی خطے میں مداخلت اور دہشتگردی کی پشت پناہی کا نوٹس لے، تاکہ جنوبی ایشیا میں امن قائم رہ سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں