لاہور: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے بری خبر! لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان کی عدم ادائیگی پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، اور ابتدائی مرحلے میں 1000 ڈیفالٹر گاڑیوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق، شہر بھر میں 12 اسپیشل ریکوری ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مخصوص گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ٹریک کر کے ان کے مالکان سے جرمانے وصول کر رہی ہیں۔ اب تک ان ٹیموں نے 300 ڈیفالٹر گاڑیاں تحویل میں لے لی ہیں۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ حیران کن طور پر ایک موٹر سائیکل پر 313 ای چالانز تھے اور اس پر 3 لاکھ 35 ہزار 300 روپے کا جرمانہ واجب الادا تھا، جو اب ضبط کی جا چکی ہے۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ڈیفالٹرز میں کئی سرکاری گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ ان گاڑیوں کی الگ فہرست تیار کر کے متعلقہ اداروں کو تحریری نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ سی ٹی او نے واضح کیا کہ “قانون سب کے لیے برابر ہے، اگر پولیس کی گاڑی بھی خلاف ورزی کرے گی تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔”
ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے ای چالانز چیک کریں اور جرمانے ادا کریں تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ آپریشن آئندہ دنوں میں مزید تیز کیا جائے گا، اور باقی 700 ڈیفالٹرز کو بھی قانون کے دائرے میں لایا جائے گا۔ اس اقدام کو ای چالان نظام کو مؤثر اور شفاف بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔