اسلام آباد میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف وفاقی حکومت کا فیصلہ کن اقدام

اسلام آباد میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف وفاقی حکومت کا فیصلہ کن اقدام 0

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے دارالحکومت میں غیرقانونی تعمیرات اور غیرمنظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں طلال چوہدری، وفاقی سیکریٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ اسلام آباد میں کسی بھی قسم کی غیرقانونی تعمیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ میپنگ کے ذریعے ایسی تعمیرات کا بروقت پتا چلایا جائے اور فوری طور پر متعلقہ حکام کارروائی کریں۔ غیرمنظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں کے خلاف بھی سخت کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا ہے، کیونکہ ایسی اسکیمیں عوام کے جان و مال کو شدید خطرات سے دوچار کرتی ہیں۔

محسن نقوی نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک رہنے اور موثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی تاکہ شہریوں کو زمینوں کے تنازعات، فراڈ اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل سے بچایا جا سکے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ضلعی افسران کو چاہیے کہ وہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے نئے انیشیٹیوز متعارف کرائیں، جبکہ وزارت داخلہ ان تمام اقدامات میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران اسلام آباد میں غیرقانونی تعمیرات اور ہاؤسنگ اسکیموں کی بھرمار دیکھنے میں آئی ہے، جس سے نہ صرف شہری سہولیات پر دباؤ بڑھا ہے بلکہ قانونی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں