اسلام آباد: بھارت کی پاکستان مخالف سفارتی اور مالیاتی سازشیں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئیں۔ باوثوق سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (FATF) کو پاکستان کے خلاف ایک جھوٹا اور بے بنیاد ڈوزیئر پیش کیا ہے، جس کا مقصد پاکستان کو دوبارہ گرے لسٹ میں شامل کروانا ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو عالمی سطح پر مالیاتی دباؤ کا شکار بنانے کے لیے من گھڑت الزامات پر مبنی مہم چلا رہا ہے تاکہ پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں کو متاثر کیا جا سکے۔ تجزیوں کے مطابق، یہ کوشش پاکستان کی اقتصادی بہتری سے بھارت کے خوف اور حسد کی عکاسی کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت نے حال ہی میں ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے منظور کیے گئے 20 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبوں پر اعتراضات اٹھائے اور ان کی مخالفت کی، جو اس کے منفی عزائم کو مزید واضح کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی یہ مہم پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے اور اسے امداد و سرمایہ کاری سے محروم رکھنے کی ایک منظم سازش ہے، تاکہ ملک میں ترقی کا عمل سست کیا جا سکے اور داخلی عدم استحکام پیدا ہو۔
پاکستانی حکام نے ان الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے تمام نکات پر عمل کر چکا ہے اور عالمی مالیاتی ضوابط کے مطابق اپنی حکمت عملی کو جاری رکھے ہوئے ہے۔
پاکستان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارتی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کریں۔