لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قذافی اسٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعے کے بعد ڈریسنگ رومز کی سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، انکلوژر اور ڈریسنگ رومز کے درمیان حفاظتی باڑ لگانے کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے تاکہ میدان میں موجود تماشائی یا غیر متعلقہ افراد کسی بھی صورت میں ڈریسنگ رومز تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ایک نوجوان، جو بابر اعظم کا مداح تھا، دیوار پھلانگ کر ڈریسنگ روم تک پہنچ گیا تھا۔ اچانک غیر متعلقہ شخص کو دیکھ کر کھلاڑی حیران رہ گئے تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق، نوجوان کے خلاف ممنوعہ مقام میں داخل ہونے اور کارِ سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔






